’آئی نئی‘ گانے کے کوریوگرافر کیخلاف ساتھی خاتون سے زیادتی کا مقدمہ درج

بھارت کے نیشنل فلم ایوارڈ یافتہ کوریوگرافر جانی ماسٹر کے خلاف 21 سالہ خاتون سے زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 سالہ خاتون کوریوگرافر نے بھارتی شہر حیدرآباد میں جانی ماسٹر کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ خاتون کوریوگرافر نے متعدد پروجیکٹس میں جانی ماسٹر کے ساتھ کام کیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق خاتون نے الزام لگایاکہ جانی ماسٹر نے چنئی، ممبئی اور حیدرآباد میں کئی بار زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں اور فلم انڈسٹری کے افراد سے بھی کیس میں مدد کیلئے رابطہ کیا گیا ہے۔

جانی ماسٹر کے خلاف ہراسانی کا یہ پہلا مقدمہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی ایک ڈانسر ان کے خلاف ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کراچکے ہیں۔

خیال رہے کہ جانی ماسٹر تامل، تیلگو اور بالی وڈ کے بڑے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرچکے ہیں جن میں سلمان خان، الو ارجن اور جونیئر این ٹی آر شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں