آزاد کشمیر میں خوراک ذخیرہ کرنے کی ہدایت

پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور انڈیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں آزاد کشمیر کے حکام نے جمعہ کو لائن آف کنٹرول کے قریب رہنے والے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ خوراک کا ذخیرہ کر لیں۔ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے جمعہ کو اسمبلی کو بتایا کہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ 13 حلقوں میں دو ماہ کے لیے کھانے پینے کی اشیاء کو ذخیرہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک ارب روپےکا ہنگامی فنڈ بھی قائم کر دیا ہے تاکہ ان 13 حلقوں میں خوراک، ادویات اور دیگر تمام بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے مزید کہا کہ ایل او سی سے متصل علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کے لیے سرکاری اور نجی مشینری بھی موقعہ پر پہنچائی جا رہی ہے۔دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان واقع لائن آف کنٹرول پر مسلسل آٹھ راتوں تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔کشیدگی کے شکار ہمسایہ ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف جوابی سفارتی اقدامات کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔

Instructions for food storage in Azad Kashmir

اپنا تبصرہ لکھیں