امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگی آگ پر ایک ہفتہ گزرجانے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔ جنوبی کیلیفورنیا کے ایک بڑے حصہ میں خطرے کی نئی وارننگ جاری کردی گئی ہے.متاثرہ علاقوں میں رات بھر تیزہواؤں سے آگ بجھانے کی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہا فائربریگیڈ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہوائیں ستر میل فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچیں تو آگ پر قابو پانا بہت مشکل ہو جائے گا.امریکا کے دوسرے سب سے بڑے شہر میں ایک ہفتے کے دوران آگ نے ایک سو ساٹھ مربع کلومیٹرسے زیادہ رقبے کو جھلسا دیا ہے. امریکی میڈیا کے مطابق 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، ساڑھے 1100 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جو اب تک آگ پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں . لاس اینجلس میں 3 مختلف مقامات پر لگی آگ کا تیز ہواؤں کی وجہ سے اس ہفتے مزیدتباہ کن شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔کیلیفورنیا فائر ڈیپارٹمنٹ کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ ہمیں قدرت کی جانب سے رحم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس فائر فائٹر ہیں پانی ہے،ہمیں بس وقت چاہیے۔اکیو ویدر کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق آگ ملک کی اب تک کی سب سے زیادہ نقصان دہ آفت میں سے ایک ہے جس سے ڈھائی سو بلین ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے. لاس اینجلس کاؤنٹی کے شیرف رابرٹ لونا کے مطابق اب بھی مختلف علاقوں میں دودرجن سے زائد لاپتہ ہیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے.دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں لوٹ مار کا بازار بھی گرم ہے پولیس نے لوٹ مار کے الزام میں درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا.