برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا ہے کہ امریکا اور خلیجی ممالک سے مل کر پاک بھارت جنگ بندی کو پائیدار بنانے کےلیے کام کر رہے ہیں۔غیر ملکی نیوز ایجنسی کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ برطانیہ، امریکا کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار سیز فائر کےلیے اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی کام کر رہے ہیں۔ڈیوڈ لیمی کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے پاکستان کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی پر بھی کام جاری رکھا۔برطانوی وزیر خارجہ نے کہا ہےکہ وہ پاکستان اور بھارت پرزور دیں گے کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی قوانین کی پاسداری کی بات آتی ہے تو فریقین پرمعاہدےکی پاسداری پر زوردیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دو ہمسایہ ممالک ہیں جن کی ایک طویل تاریخ ہے لیکن حالیہ عرصے میں ان کے درمیان بمشکل کوئی بات چیت ہوئی ہے اور ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کوئی مزید کشیدگی نہ ہو اور جنگ بندی قائم رہے۔
