امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم 18 ہزار بھارتیوں کی فہرست تیارکرلی گئی ہے. ٹرمپ انتظامیہ نے ابتدا میں 205 غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو ملک بدر کیا جنہیں امریکی فوجی طیارے کے ذریعے امرتسر پہنچایا جائے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ان 205 بھارتیوں کو لے کر امریکی فوجی طیارہ امریکی ریاست ٹیکساس سے آج روانہ ہوا ہے۔رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ امریکی تاریخ کے سب سے بڑے ڈی پورٹ پروگرام پر عمل کررہی ہے جس میں امریکی امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ نے ایک ابتدائی فہرست تیار کی ہے جس میں بتایا گیا ہےکہ 18 ہزار بھارتی شہری بغیر قانونی دستاویزات کے امریکا میں مقیم ہیں۔بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ بھارت اس بات کی تصدیق کر رہا ہے کہ امریکہ سے کون سے بھارتی شہری ملک بدر کیے جا سکتے ہیں، اور فی الحال ان کی درست تعداد کا تعین ممکن نہیں۔پینٹاگون نے بھی ٹیکساس کے شہر ایل پاسو اور کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں زیر حراست 5 ہزار سے زائد مہاجرین کو ملک بدر کرنے کے لیے پروازیں فراہم کرنا شروع کر دی ہیں۔ اب تک فوجی طیارے تارکین وطن کو گوئٹے مالا، پیرو اور ہونڈوراس پہنچا چکے ہیں۔