امریکا میں ایمیزون ویب سروسز میں خلل.2 ہزار ویب سائٹس بند

امریکا میں ایمیزون ویب سروسز میں خلل کے باعث 2 ہزار ویب سائٹس بند ہوگئی۔خبر رساں ادارےکے مطابق ایمیزون کی کلاؤڈ سروسز یونٹ اے ڈبلیو ایس پیر کو تعطل کا شکار ہو گئی جس کے باعث دنیا بھر کی کئی کمپنیوں کو کنیکٹیوٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور فورٹ نائٹ اور اسنیپ چیٹ سمیت متعدد معروف ویب سائٹس اور ایپس کی سروسز متاثر ہوئیں۔یہ مسئلہ پیر کی صبح شروع ہوا تھا اور اس کا تعلق ایمیزون ویب سروسز کے سسٹم میں خرابی سے ہے۔ ایمیزون کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور وجوہات کی تلاش جاری ہے جبکہ امریکہ کے مشرقی حصے سے منسلک دنیا بھر میں سروسز متاثر ہو سکتی ہیں۔اے آئی اسٹارٹ اپ پرپلکسی، کرپٹو کرنسی ایکسچینج کوائن بیس اور ٹریڈنگ ایپ رابن ہڈ نے سروس میں آنے والے اس تعطل کی ذمہ داری اے ڈبلیو ایس پر عائد کی۔ایمیزون کی تمام پروڈکٹس جیسے ایمیزون پرائم ویڈیو، ایلیکسا، ایمیزون میوزک اور کینوا سمیت متعدد ویب سائٹس اور ایپس متاثر ہوئیں۔ اس کے علاوہ، بینک آف اسکاٹ لینڈ، ایپک گیمز اسٹور، فلیکر، فورتنائٹ، زوم، اور ہنگ سمیت درجنوں سروسز بھی اس خرابی سے متاثر ہوئیں۔اے ڈبلیو ایس کمپنیوں، حکومتوں اور انفرادی صارفین کو کمپیوٹنگ پاور، ڈیٹا اسٹوریج اور دیگر ڈیجیٹل خدمات فراہم کرتا ہے، اس کے سرورز میں خرابی آنے سے ان ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز کی سروسز متاثر ہوتی ہیں جو اس کی کلاؤڈ انفرااسٹرکچر پر انحصار کرتے ہیں، اے ڈبلیو ایس کا مقابلہ گوگل اور مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ سروسز سے ہے۔اس خلل کے باعث گیمنگ ویب سائٹس فورٹ نائٹ روبلوکس، کلیش روائل اور کلیش آف کلینز بھی بند ہو گئیں جبکہ مالیاتی پلیٹ فارمز میں وینمو اور چائم کو بھی مسائل درپیش آئے اوبر کی حریف کمپنی لفٹ کی ایپ بھی امریکا میں ہزاروں صارفین کے لیے بند رہی۔

اپنا تبصرہ لکھیں