امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں اور سیلاب نے نظامِ زندگی مفلوج کردیا۔امریکی ریاست ٹیکساس میں آنے والے طوفان اوراس دوران مختلف حادثات میں 24 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ کئی افراد لاپتا ہیں۔بارش سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلاء کیلئے 14 ہیلی کاپٹر، 12 ڈرون اور پانچ سو اہلکار سرچ اور ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں۔ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ ٹیکساس کے شہر سان اینجلو سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کئی مقامات پر 6 سے 8 انچ تک جبکہ بعض علاقوں میں 10 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔حکام نے ریاست میں مزید ممکنہ سیلاب کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔ حکام کے مطابق جمع کے روز ریاست میں طوفانی سیلاب کی وجہ سے مختلف علاقوں میں ممکنہ نقصان سے بھی عوام کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔ٹیکساس میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں جس میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز میں 100 فوجی بھی حصہ لیں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں اور شدید موسم کے باعث مزید سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
