امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید ٹیرف لگانے کا اعلان کردیا۔ایک امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرچکے ہیں لیکن اس میں نمایاں اضافے کریں گے جس کا اعلان 24 گھنٹے میں متوقع ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت اچھا تجارتی پارٹنر نہیں، بھارت روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس طرح وہ یوکرین میں جنگی مشین کو ایندھن فراہم کررہا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت ایسا کر رہا ہے اور میں اس سے خوش نہیں ہوں انہوں نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ اصل مسئلہ یہ رہا ہے کہ اس کے ٹیرف بہت زیادہ رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ توانائی کی قیمتیں کم ہو جائیں تو پیوٹن یوکرین میں لوگوں کو مارنا بند کر دیں گے۔ توانائی کی قیمتیں مزید 10 ڈالر فی بیرل تک کم کر دیں تو پیوٹن کے پاس کوئی چارہ نہیں بچے گا۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ٹیرف عائد کرنے کا متوقع اعلان بھارت کی برآمدی صنعت، خاص طور پر ٹیکسٹائل، فارما اور آٹو پارٹس جیسے شعبوں کو شدید متاثر کر سکتا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ایک سال میں امریکا میں درآمد ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں 150 سے 250 فیصد تک اضافہ ہوگا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی صدر ٹرمپ نے سوشل ٹروتھ پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت نہ صرف روس سے پیٹرول خرید رہا ہے بلکہ اسے دیگر ممالک کو بھی زائد منافع پر فروخت کررہا ہے۔
