امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہےکہ پاک بھارت جنگ کے دوران 5 طیارے مار گرائے گئے تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ، وائٹ ہاؤس میں کچھ ریپبلکن امریکی قانون سازوں کے ساتھ عشائیے کے دوران بات کر رہے تھے انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ گرائے گئے طیارے کس ملک کے تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت-پاکستان جھڑپوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے یہ کہا تاہم انہوں نے مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں حالات انتہائی خراب تھے اور دونوں ایٹمی ریاستیں ایک خطرناک تصادم کے دہانے پر پہنچ چکی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ذاتی طورپرسفارتی مداخلت کرتے ہوئے جنگ رکوا کردنیا کو ایٹمی تباہی سے بچایا اور مجھے فخر ہے کہ میں نے دنیا بھر میں کئی جنگیں روکنے میں کردارادا کیا۔مغربی میڈیا کے مطابق بھارت کا بھی دعویٰ تھا کہ اس نے پاکستان کے طیارے مارگرائے ہیں تاہم پاکستان دوٹوک انداز سے واضح کرچکا ہے پاکستان کا کوئی لڑاکا طیارہ بھارت نے تباہ نہیں کیا اور بھارت اس کا ثبوت پیش کرنے میں بھی ناکام رہا ہے۔پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے فضائی لڑائی میں بھارت کے 5 طیارے مار گرائےبھارت کے اعلیٰ ترین جنرل نے مئی کے آخر میں کہا تھا کہ پہلے روز فضائی نقصان کے بعد بھارت نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی جبکہ بھارتی حکومت ان طیاروں کو مارگرائے جانےکی تصدیق سے گریز کرتی رہی ہے
