امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امیر سرمایہ کاروں کا گروپ معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک خریدنے کے لیے تیار ہے . امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو نشر ہونے والے ایک فاکس نیوز انٹرویو میں کہا کہ انہیں سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کے لیے ایک خریدار مل گیا ہے جسے انہوں نے بہت امیر لوگوں کا ایک گروپ قرار دیا جن کی شناخت وہ تقریباً دو ہفتوں میں ظاہر کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ ٹک ٹاک کی مالک کمپنی چین میں موجود ہے اس لیے اس سودے کے لیے چینی حکومت کی منظوری درکار ہو سکتی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ صدر شی جن پنگ اس کی اجازت دے دیں گے۔اس ماہ کے اوائل میں امریکی صدر نے چین میں قائم بائٹ ڈانس کو ٹک ٹاک کے امریکی اثاثوں کو فروخت کرنے کی آخری تاریخ 17 ستمبر تک بڑھا دی تھی.واضح رہے کہ امریکا میں ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کے خدشات کی بنیاد پر یا تو فروخت کرنے یا پابندی لگانے کا قانون نافذ ہو چکا ہے جسے ٹرمپ کے 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے سے ایک دن قبل نافذ ہونا تھا تاہم ٹرمپ نے 2024ء کے صدارتی انتخابات میں سوشل میڈیا کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا اور ٹک ٹاک کو پسندیدہ پلیٹ فارم قرار دیا اور پابندی کو عارضی طور پر روک دیا۔
