امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو بات کرنی چاہیے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔امریکی صدر نے کہا کہ یہ دونوں فریقین کے لیے تکلیف دہ ہے، لیکن میں کہوں گا کہ ایران یہ جنگ نہیں جیت رہا اور انہیں بات چیت کرنی چاہیے اور فوراً کرنی چاہیے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جی-7 اجلاس کے دوران اسرائیل کو بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور ایران پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایران نے مذاکرات کے لیے 60 دن ضائع کیے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے ہمارے ساتھ کوئی مؤثر معاہدہ نہیں کیا اور اسرائیل اس تنازع میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ایران-اسرائیل تنازع کے حوالے سے گزشتہ دو دن کے دوران مختلف بیانات سامنے آئے ہیں اس حوالے سے ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ ایران نے اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی کی تو امریکا اسرائیل کا ساتھ دے گا۔تاہم بعد ازاں ایران کی جوابی کارروائی کے بعد انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کی جنگ ختم کرانے کے لیے بات چیت ہورہی ہے ملاقاتیں جاری ہیں جلد یہ تنازع ختم ہوجائے گا۔
