ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں 3 افراد کو پھانسی دے دی۔تینوں افراد کو اسرائیل کی انٹیلی جنس ایجنسی موساد سے تعاون اور ہلاکت خیز آلات کی اسمگلنگ کے جرم میں عدالت نے سزا سنائی تھی۔ یہ کارروائی دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی کے نفاذ کے ایک روز بعد عمل میں آئی۔ پھانسی پانے والوں میں ادریس علی، آزاد شجاعی اور رسول احمد رسول شامل ہیں جن پر ملک میں قتل کی کارروائیاں انجام دینے کے لیے سامان درآمد کرنے کی کوشش اور صہیونی حکومت کے حق میں تعاون کا الزام تھا۔ایرانی عدلیہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں مجرموں کو ارومیہ شہر میں پھانسی دے دی گئی جو کہ ترکی کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ عدلیہ نے تینوں افراد کی نیلے قیدی لباس میں تصاویر بھی جاری کیں۔ایرانی حکام نے رواں ہفتے کے آغاز میں بھی اسرائیل سے تعلق کے شبے میں کم از کم پانچ افراد کو پھانسی دی ہے۔
