بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں پسند کی شادی کرنے والے ایک جوڑے کو قبائلی غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل کیے جانے کے واقعہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کہا ہے کہ ڈیگاری واقعے میں اب تک 20 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں سے ایک اہم گرفتاری کوئٹہ میں عمل میں آئی جہاں پولیس نے ساتکزئی ہاؤس پر چھاپہ مار کر سردار شیرباز ساتکزئی کو گرفتار کیا جو اس واقعے میں مرکزی کردار سمجھا جا رہا ہے جبکہ جوڑے کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم بشیر احمد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم بشیر احمد اور ساتکزئی قبیلے کے سربراہ سردار شیر باز ساتکزئی، ان کے 4 بھائی اور 2 محافظ بھی شامل ہیں ملزمان کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ دونوں مقتولین، جنہوں نے تقریباً ڈیڑھ سال قبل اپنی مرضی سے شادی کی تھی مبینہ طور پر قبیلے کے افراد کی جانب سے ایک دعوت پر بلا کر ویرانے میں لے جائے گئے جہاں انہیں غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تھانہ ہنہ اوڑک میں ایس ایچ او نوید اختر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے.ایس ایچ او نوید اختر نے بتایا کہ وہ پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ سنجیدی کے علاقے ڈیگاری پہنچے جہاں ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا کہ یہ واقعہ عیدالاضحیٰ سے 3 روز قبل پیش آیا تھا۔مدعی نے الزام لگایا کہ ان افراد نے خاتون اور مرد کو سردار شیر باز خان کے سامنے پیش کیا جہاں سردار نے کاروکاری کا فیصلہ سنایا اور دونوں کو قتل کرنے کا حکم دیا بعدازاں انہیں گاڑیوں میں لے جا کر کوئٹہ کے مضافاتی علاقے ڈیگاری میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔واقعہ میں مبینہ طور پر شاہ وزیر، جلال، ٹکری منیر، بختیار، ملک امیر، عجب خان، جان محمد، بشیر احمد اور دیگر 15 نامعلوم افراد شامل تھے۔اطلاعات کے مطابق مقتولین احسان سمالانی اور بانو ستک زئی نے اپنی مرضی سے شادی کی تھی جس پر ان کے خاندان ناراض تھے معاملہ علاقے کے بزرگوں کے پاس لے جایا گیا جنہوں نے موت کی سزا سنائی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڑے کو عید سے قبل ایک دیہی علاقے ڈگری میں کھانے کی دعوت پر بلایا گیا اور بعد میں انہیں ایک ویران مقام پر لے جایا گیا جہاں انہیں بزرگوں کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔قتل سے قبل مقتولہ نے قاتلوں سے براہوی زبان میں کہا کہ تمہیں مجھے گولی مارنے کی اجازت ہےلیکن اس سے زیادہ کچھ نہیں۔اس نے یہ بھی کہا کہ اسے 7 قدم چلنے دیا جائے جس کے بعد اسے مبینہ طور پر اس کے بھائی نے 3 گولیاں مار کر قتل کیا اور پھر اس کے شوہر کو بھی قتل کر دیا گیا لاشیں تاحال برآمد نہیں ہو سکیں جس سے تفتیش مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
