بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے جماعتِ اسلامی کی رجسٹریشن کی منسوخی کو کالعدم قرار دے دیا جس سے اب وہ الیکشن کمیشن میں باضابطہ طور پر ایک سیاسی جماعت کے طور پر درج ہو سکے گی۔یہ فیصلہ ایک دہائی سے زائد عرصے بعد سامنے آیا ہے جماعت اسلامی کی رجسٹریشن سابق حکومت نے منسوخ کر دی تھی۔شیخ حسینہ کی اگست میں وزیر اعظم کے عہدے سے برطرفی کے بعد جماعتِ اسلامی نے 2013ء کے ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل دائر کی تھی، جس میں جماعت پر پابندی لگا دی گئی تھی۔اتوار کو یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سپریم کورٹ نے 27 مئی کو جماعت اسلامی کے ایک اہم رہنما اے ٹی ایم اظہر الاسلام کے خلاف سزا کو کالعدم قرار دے دیا۔اظہر الاسلام کو 2014 میں پاکستان کے ساتھ 1971 کی جنگ کے دوران ریپ، قتل اور نسل کشی کے الزامات پر سزائے موت سنائی گئی تھی۔شیخ حسینہ نے اپنی وزارتِ عظمیٰ کے دوران جماعتِ اسلامی پر پابندی عائد کی تھی اور اس کے رہنماؤں کے خلاف سخت کارروائی کی تھی۔جماعتِ اسلامی کے وکیل شیشیر منیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک میں جمہوری جامع اور کثیر الجماعتی نظام کو فروغ ملے گا۔