بھارتی صدر دروپدی مُرمو کے ہیلی کاپٹر کے اترنے کے فوراً بعد کیرالہ میں نیا بنایا گیا ہیلی پیڈ زمین میں دھنس گیا ہیلی کاپٹر کو دھکا لگا کر نکالنا پڑا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی صدر ریاست کیرالہ کے 4 روزہ سرکاری دورے پر پہنچیں تو پرمادم اسٹیڈیم میں ہیلی کاپٹر کے لینڈ کرتے ہی ہیلی پیڈ ایک طرف سے دھنس گیا۔ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے موقع پر موجود پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر کو دھکا لگا کر باہر نکالا۔ اس تمام تر صورتحال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔بھارتی خبررساں ایجنسی کے مطابق ہیلی پیڈ دھنسنے سے ہیلی کاپٹر بھی ایک جانب سے جُھک گیا۔ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ وقت کی کمی کے باعث کنکریٹ مکمل طور پر سخت نہیں ہو سکا تھا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر کے پہیوں کے نیچے دباؤ بننے سے زمین میں گہرے نشان پڑ گئے۔اس حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ صدر دروپدی مرمو پرمادم کے مقام پر اتریں لیکن حادثے کے باعث وہاں سے وہ سڑک کے ذریعے پمپا تک گئیں جب کہ اس سے پہلے صدر مرمو کو نیلاکل میں اترنا تھا لیکن کل شام بارش اور موسم کی خرابی کی وجہ سے انہیں پرمادم منتقل کیا گیا تھا۔