بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ سے دستبرداری سے متعلق بھارتی میڈیا کی خبروں کی تردید کردی سیکریٹری بھارتی کرکٹ بورڈ دیوا جیت سائیکیا نے کہا ہے کہ ایشیا کپ سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیا۔سیکریٹری بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ خبروں میں کہا گیا کہ بھارت نے ایشیا کپ اور ویمن ایمرجنگ ایشیا کپ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، اس وقت تک اس معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ خبروں میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بی سی سی آئی نے ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ جو کہ دونوں ایشین کرکٹ کونسل کے ایونٹس ہیں ان میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس لیے ان خبروں میں اس وقت کوئی سچائی نہیں اس وقت ہماری پوری توجہ آئی پی ایل اور انگلینڈ سے سیریز پر ہے نیوز رپورٹس افواہوں پر مبنی اور خیالی ہیں اے سی سی ایونٹس سےمتعلق بات چیت کے بعد کوئی فیصلہ ہوا تو بورڈ اس کا اعلان کرے گا۔سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے مزید کہا کہ ایشیا کپ یا کسی بھی اے سی سی ایونٹ کا معاملہ کسی بھی سطح پر زیرِ غور نہیں آیا اس لیے اس حوالے سے جو بھی خبریں یا رپورٹس سامنے آ رہی ہیں وہ مکمل طور پر قیاس آرائی پر مبنی اور خیالی ہیں واضح رہے کہ ایک بھارتی اخبار نے بھارت کے ایشیا کپ کرکٹ سے دستبرداری کے فیصلے کی خبر شائع کی تھی بھارتی اخبار نے ویمن ایمرجنگ ایشیا کپ سے بھی بھارت کے دستبرداری کے فیصلے کو رپورٹ کیا تھا، بھارتی اخبار نے نام کے بغیر ایک بھارتی آفیشل کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا۔
