یورپی یونین نے سات ممالک کو محفوظ قرار دیتے ہوئے ان ممالک کے شہریوں کی پناہ گزین درخواستوں کو ناقابل جواز قرار دے دیا .جن ممالک کو پناہ گزینوں کی فہرست سے خارج کیا گیا ہے ان میں کوسوو، بنگلہ دیش، کولمبیا، مصر، بھارت، مراکش اور تیونس شامل ہیں۔ یہ اقدام یورپی پارلیمان اور رکن ممالک کی منظوری کے بعد ہی نافذ العمل ہو گا۔یورپی کمیشن کے مطابق اس اقدام سے رکن ممالک کو یہ سہولت ملے گی کہ وہ ان سات ممالک کے شہریوں کی پناہ گزین درخواستوں کو تیزی سے نمٹا سکیں کیونکہ انہیں عمومی طور پر بلا جواز قرار دیا جا سکتا ہے۔یورپی یونین کے کمشنر برائے مہاجرین میگنس برونر نے کہا کہ کئی رکن ممالک کو پناہ گزین درخواستوں کے بڑے بیک لاگ کا سامنا ہے اس لیے تیز تر فیصلے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ یورپی یونین نے فہرست میں ان ممالک کو شامل کیا ہے جہاں سے بڑی تعداد میں پناہ کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔یہ اقدام ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب کئی یورپی ممالک میں عوامی رائے پناہ گزینوں اور غیرقانونی ہجرت کے خلاف ہو چکی ہے جس کا سیاسی فائدہ دائیں بازو کی جماعتوں کو ملا ہے۔