بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پُراسرار بیماری میں ریاست مہاراشترا کے ضلع بلدھانا کے 3 گاؤں کے 50 سے زائد افراد مبتلا ہوگئے جن کے بال تیزی سے گرنے لگے ہیں اور لوگ ہفتے بھر میں گنجے ہورہے ہیں۔ تیزی سے بال گرنے والی حتیٰ کہ دنوں میں گنجا کردینے والی پُراسرار بیماری نے لوگوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ ضلع بلدھانا کے 3 گاؤں، بورگاؤ، کلود اورہنگنا اس بیماری سے متاثر ہیں، متاثرہ افراد کا بتانا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے گاؤں کے مرد و خواتین کے بال تیزی سے جھڑ رہے ہیں اور ایک بار جب یہ بال گرنا شروع ہو جائیں تو ایک ہفتے کے اندر انسان گنجا ہو جاتا ہے۔ طبی ماہرین کی جانب سے لوگوں کے تیزی سے بال گرنے کی ابتدائی وجہ پانی کی آلودگی قرار دی جا رہی ہے۔ طبی ماہرین فی الحال بیماری کی وجہ بتانے سے قاصر ہیں تاہم ماہرین نے متاثرہ گاؤں کا دورہ کرکے متاثرہ مریضوں کی جلد اوربالوں کے سیمپل اکھٹے کر لیے ہیں۔بھارت میں اس پراسرار بیماری نے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔