پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھارت کے خلاف معرکہ حق کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کردیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق معرکہ حق کے دوران وطن کا تحفظ کرتے ہوئے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ عام شہریوں پر جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 78 اہلکار زخمی بھی ہوئےجبکہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 40 پاکستانی شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں، جب کہ 121 افراد زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے بھی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حملوں میں جام شہادت نوش کرنے والوں میں پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینئر ٹیکنیشن مبشر شامل ہیں جبکہ پاک فوج کے شہید ہونے والے میں نائیک عبدالرحمان اور نائیک وقار خالد شامل ہیں۔ لانس نائیک دلاور خان، اکرام اللہ، سپاہی عدیل اکبر اور نثار بھی وطن پر قربان ہوگئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء قوم کا فخر ہیں قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں قوم جارحیت کے سامنے پرعزم ہے اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے۔ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا آئندہ کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
