بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں ایک پولیس کانسٹیبل نے اپنی تاخیر کی وجہ اپنی بیوی کے خوفناک خوابوں کو قرار دے کر سب کو حیران کر دیا۔یہ انوکھا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب پروونشل آرمڈ کانسٹیبلری کے اہلکار کو مسلسل تاخیر پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کانسٹیبل نے اپنے تحریری جواب میں لکھا کہ میری بیوی مجھے ڈراؤنے خواب دیتی ہے جس کی وجہ سے میں رات بھر جاگتا رہتا ہوں اور ڈیوٹی پر تاخیر سے پہنچتا ہوں۔ وہ میرے سینے پر بیٹھتی ہے اور میرا خون پینے کی کوشش کرتی ہے تاکہ مجھے مار سکے۔جواب میں کانسٹیبل نے دعویٰ کیا کہ وہ شدید بے خوابی کا شکار ہے جس کی بنیادی وجہ اس کی ازدواجی زندگی میں جاری تنازعات ہیں۔جواب کے آخر میں اس نے جذباتی انداز میں لکھا مجھے جینے کی کوئی خواہش نہیں رہی میں خود کو خدا کے حوالے کرنا چاہتا ہوں براہ کرم میری رہنمائی کریں۔ یہ معاملہ اس وقت مزید پیچیدہ ہو گیا جب یہ نوٹس سوشل میڈیا پر لیک ہو گیا۔ پولیس حکام نے یہ جاننے کے لیے الگ انکوائری کا آغاز کر دیا ہے کہ یہ خط کیسے منظر عام پر آیا۔یہ حیران کن جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حکام نے معاملے کی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔کمانڈنٹ، سچندرا پٹیل نے تصدیق کی کہ معاملے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں خاص طور پر اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ اہلکار کی ذہنی صحت اس کے فرائض پر کیسے اثر انداز ہو رہی ہے۔