تھرپارکر میں 12 سیاح سیلابی ریلے میں پھنس گئے . 11 کو بچا لیا گیا . ایک جاں بحق

ننگرپارکر میں بارش کے باعث اچانک آنے والے ریلے نے سیاحت کے لیے آئے افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے میں ایک سیاح جان کی بازی ہار گیاجبکہ دیگر 11 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ ننگرپارکر میں سیاحتی مقام کارونجھر کی پہاڑیوں اور مایا ڈیم کے آبشار کو دیکھنے کے لیے جانے والے شہری موسلادھار بارش اور پانی کے تیز ریلے کے باعث وہاں پھنس گئے تھے۔ پولیس کو سیاحوں کے پھنسنے کی اطلاع ملی تو پولیس نے مقامی افراد کی مدد سے پھنسے 11 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا۔مشکل میں پھنسے شہریوں کو دیکھ کر مقامی پولیس اہلکار ان کی جان بچانے کے لیے آگے بڑھے اور بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے صرف رسی کی مدد سے شہریوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔حکام کے مطابق کراچی کے رہائشی لاپتا سیاح طلحہ کی لاش گوڑدروندی سےمل گئی تحصیل انتظامیہ کی مسلسل کوششوں سے 12 گھنٹوں کے بعد نوجوان کی لاش نکال لی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو کیے گئے 4 افراد کا تعلق کراچی اور 7 کا مٹھی سے ہے جو ننگرپارکر میں سیاحتی مقام کارونجھر کی پہاڑیوں اور مایا ڈیم کے آبشار کو دیکھنے کے لیے گئے تھے۔پولیس اور ریسکیو اداروں کی جانب سے مقامی افراد کی مدد سے کارروائی مکمل کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو قدرتی مقامات پر بارش کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

12 tourists trapped in flash floods in Tharparkar. 11 rescued. One dead.

اپنا تبصرہ لکھیں