دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی جنگی طیارہ تیجس گرکر تباہ. پائلٹ ہلاک

دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا اپنے ملک میں تیار کردہ جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ ہوگیا۔ بھارتی ایئرفورس نے طیارہ گرنے اور پائلٹ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔عینی شاہدین کے مطابق طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے تیزی سے زمین کی جانب آیا رن وے کے قریب طیارہ زمین سے ٹکرایا پھر شعلے بلند ہوئے۔ترجمان بھارتی فضائیہ نے حادثے میں پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کردی بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کر رہے ہیں۔حادثے کے بعد شو کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا اور شرکا کو مرکزی نمائشی ایریا میں واپس جانے کی ہدایت کی گئی۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ دبئی ائیر شو کے دوران یہ حادثہ 2 بجکر 10 منٹ پر پیش آیا اور طیارہ دبئی ائیر شو کے ایروبیٹک اسٹنٹ کے دوران گرا۔بھارتی صحافی کے مطابق بھارتی طیارے کو ونگ کمانڈر وکرم سنگھ اڑا رہے تھے حادثے میں ونگ کمانڈر وکرم سنگھ ہلاک ہوگئے ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل بھی دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی لڑاکا طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں تیجس طیارے کے فیول ٹینک سے تیل لیک ہوتے دیکھا گیا تھا۔خیال رہے کہ تکنیکی خرابی کے باوجود طیارے کو ایئر شو میں شامل کیا گیا آئل لیک کی وجہ سے تیجس طیارہ پہلے ہی سوشل میڈیا پر تماشہ بنا ہوا تھا۔ تیجس کو ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ہال) نے تیار کیا تھا بھارت کے اپنے ملک میں تیار کردہ اس طیارے کی صلاحیتوں پر پہلے ہی سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔علم میں رہے کہ تیجس کو 4.5 جنریشن کا طیارہ قرار دیا جاتا ہے جو جنریشن کے اعتبار سے رافیل کے ہم پلہ ہے۔تباہ ہونے والا بھارتی طیارہ تیجس 2016 سے بھارتی فضائیہ کا حصہ تھا۔ انڈین ایئر فورس کے حوالے کیے جانے کے بعد تیجس کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں انڈیا کی مغربی ریاست راجستھان میں بھی ایک تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔2001 میں تیجس طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز ہوئی تھی۔ تیجس مارک 1 اے لڑاکا طیارے کی لاگت قریب 550 کروڑ روپے ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں