دنیا کے کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی بننے والے 3 نوجوان

آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے متعلق ایک کمپنی کے 3 شریک بانی محض 22 سال کی عمر میں دنیا کے کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی بن گئے ہیں۔فوربز کی رپورٹ کے مطابق برینڈن فوڈی، آدرش ہرمیت اور سوریا مدھیہ تعلیم کے حصول کے دوران دوست بنے اور انہوں نے امریکی شہر سان فرانسسکو میں مرر نامی اے آئی ریکروٹنگ کمپنی کی بنیاد رکھی۔اس کمپنی میں حال ہی میں 35 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی جس کے بعد اس کی مجموعی مالیت 10 ارب تک پہنچ گئی۔انہوں نے میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو پہلی بار 23 سال کی عمر میں 2008 میں فوربز بلین ائیر لسٹ کا حصہ بنے تھے۔کمپنی کی قدر میں اضافے نے تینوں دوستوں یعنی برینڈن فوڈی (چیف ایگزیکٹو)، آدرش ہیرمیت (چیف ٹیکنالوجی آفیسر) اور سوریا مدھیہ (بورڈ چیئرمین) کو ارب پتی بنا دیا۔آدرش ہیرمیت اور سوریا مدھیہ سان فرانسسکو میں دوران تعلیم ایک دوسرے سے ملے تھے .سوریا مدھیہ کے والدین بھارت سے امریکا گئے تھے اور ان کی پیدائش امریکا میں ہی ہوئی۔آدرش ہیرمیت تعلیم کے حصول کے لیے بھارت سے امریکا گئے اور پھر وہاں مستقل طور پر بس گئے۔آدرش ہیرمیت جب ہارورڈ گئے اور سوریا جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں داخلے کی کوشش کر رہے تھے، تب ان کی ملاقات برینڈن فوڈی سے ہوئی۔ان تینوں نے کمپنی کی بنیاد رکھنے کے لیے تعلیم چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ان تینوں کو ایک ارب پتی سرمایہ کارپیٹر تھائیل نے فیلو شپ فراہم کی تاکہ وہ اپنی کمپنی قائم کرسکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں