ایران کی طرف سےپیر کے روز اسرائیل پر میزائل اور ڈرونز داغنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین واقعے میں اسرائیل کے شمالی حصے کے متعدد علاقوں میں سائرن بجے جب فوج نے ایرانی میزائلوں کے تازہ حملے کی اطلاع دی۔ یہ دو گھنٹوں سے بھی کم وقت میں کم از کم تیسرا ایرانی میزائل حملہ تھا۔ایران نے اسرائیلی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر کئی میزائل داغے ہیں جس کے بعد جنوبی اسرائیل میں ایک میزائل نے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکے سنے گئے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی عوام نے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد پیر کے روز سب سے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا ہے۔اسرائیلی فوج نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں اسرائیلی میڈیا کے مطابق نہاریا، گشر حزیو، حیلا، میعونا اور میعیلیا سمیت کئی شہروں میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے تازہ حملوں میں اسرائیل پر فتح 1، قدر، عماد اور خیبر شکن میزائلوں سے حملہ کیا۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 4 مقامات پر میزائل گرنے کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں ایک اشدود اور ایک مغربی مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع ہے۔اسرائیل میں فوجی سنسر شپ کے تحت ویڈیوز یا معلومات شیئر کرنے پر سخت پابندیاں عائد ہیں اور خلاف ورزی پر قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔اس وجہ سے اس بات کی تصدیق کرنا مشکل ہے کہ کون سی تنصیبات یا علاقے متاثر ہوئے ہیں اور نقصان کی نوعیت کیا ہے۔ایران کی جانب سے جنوبی اسرائیل کے ایک اہم پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے تصدیق کی ہے کہ ایک میزائل اسٹریٹجک انفرااسٹرکچر کے قریب گرا جس سے پاور سپلائی میں خلل پیدا ہوا۔ نہاریا، حیلا، میعیلیا اور دیگر شہروں میں سائرن بجنے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔ایران کے ساتھ اب تک 11 روزہ جنگ کے باعث اسرائیل میں تاحال ہونے والے نقصانات کا مکمل اندازہ فوجی سینسرشپ قوانین کی وجہ سے نہیں لگایا جا سکتا تاہم سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کم از کم 50 ایرانی میزائل مختلف اہداف پر لگنے کا اعتراف کیا گیا ہے جن میں 24 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
