سعودی عرب، عراق، مصر، کویت، کیوبا، چلی، میکسیکو اور وینزویلا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسئلے کے سیاسی حل کی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے سعودی وزارت خارجہ نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت سعودی عرب برادر اسلامی جمہوریہ ایران میں ہونے والی پیش رفت بالخصوص امریکا کی جانب سے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش میں مبتلا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ مملکت 13 جون 2025 کو جاری کردہ اپنے بیان کے مندرجات کی توثیق کرتی ہے، جس میں اس نے اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی مذمت کی تھی۔دوسری جانب کویت اور عراق نے بھی امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا ہے۔علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کیا جائے، نیوزی لینڈ سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔کیوبا کے صدر میگوئل دیاز کانیل نے امریکی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ قدم انسانیت کو ایک ایسے بحران میں دھکیلتا ہے جس کے نتائج ناقابل واپسی ہو سکتے ہیں۔چلی کے صدر نے ایکس پر لکھا کہ چلی اس امریکی حملے کی مذمت کرتا ہے، طاقت رکھنا آپ کو اس کے استعمال کی اجازت نہیں دیتا جب وہ قوانین کی خلاف ورزی ہو۔
