وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں تقسیم بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کر رہی ہیں بانی عمران خان سے ملاقات کے دوران انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے ۔عمران خان سے ملاقات کے بعد علی امین گنڈاپور نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بتایا کہ آپ کی رہائی کےلیے اقدامات کے بجائے اختلافات کو بڑھاوا دینے کے لیے کام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کمزور اور منافق لوگ کرتے ہیں میں نے عمران خان کو حقیقت سے آگاہ کیا انہیں بتایا کہ اُن کی بہن علیمہ خان پارٹی میں تقسیم کی وجہ بن رہی ہیں۔گنڈاپور نے کہا کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بتایا کہ وی لاگر اختلافات کو بڑھا رہے ہیں اور علیمہ خان وی لاگر کو روکنے کے بجائے ان کا ساتھ دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ پارٹی میں بڑی تقسیم آچکی ہے علیمہ خان کو پارٹی کا چیئرپرسن بنانے کے حوالے سے کیمپینز چلائی جارہی ہیں پارٹی کے لوگوں مایوس اور گروپ بندی کا شکار ہو رہے ہیں۔گنڈاپور کے مطابق انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو یہ بھی بتایا کہ حفیظ اللہ نیازی آرٹیکل لکھ رہے ہیں جس میں علیمہ خان کے نام کے ساتھ وزیراعظم اور چیئر پرسن لکھا جارہا ہے ، مہم چلائی جارہی ہے کہ علیمہ خان کو پارٹی کا چیئرپرسن بنایا جائے۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہمیں فضول چیزوں میں اُلجھایاگیا علیمہ خان اس میں واضح کردار ادا کر رہی ہیں عمران خان کو بتایا کہ آپ کی رہائی پر کوئی کام نہیں ہو رہا ایسے احکامات جاری کریں کہ سب اس پر کام کریں اور متحد ہوں۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان کا خاندان ہمارے لیے قابل احترام ہے عمران خان کو حقائق بتانےکے بعد میرے ساتھ کچھ بھی ہو سکتا تھا تاہم میں نے کرسی کی پروا کرنے کے بجائے انہیں تمام تر معلومات فراہم کیں۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ 9 مئی میں بیشتر رہنما اور ورکرز اُن جگہوں پر موجود بھی نہیں تھے اس کے باوجود انہیں سزائیں ہو رہی ہیں علیمہ خان کا بیٹا وہاں موجود تھا اور اس کی 3 دن میں ضمانت بھی ہو گئی ادارے ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کوئی جان بوجھ کر یا کسی مصلحت کے تحت اداروں کے لیے کام کر رہا ہے۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبے میں وزارتیں لینا اور تبدیل کرنا سب کچھ بانی کی مشاورت سے ہورہا ہے، 7 ماہ پہلے ان وزرا کی کارکردگی سے اسد قیصر کو آگاہ کیا تھا۔
