بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو اڈیالہ جیل کے باہر 2 لڑکیوں نے انڈا دے مارا۔علیمہ خان پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انڈا پھینکنےکا واقعہ پیش آیا جس کے بعد پولیس نے 2 لڑکیوں کو حراست میں لے لیا۔عمران خان کی بہن علیمہ خان کو انڈا مارنے کا واقعہ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے قریب داہگل کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران پیش آیا گفتگو کے دوران ایک انڈہ علیمہ خان کو لگا جس کے بعد پارٹی کارکنان نے شور شرابہ شروع کردیا .واقعے کے بعد افراتفری پھیل گئی اور علیمہ خان میڈیا سے گفتگو ملتوی کرنے کے بعد گاڑی میں بیٹھ گئیں۔انڈا مارنے والے خواتین بھی واقعے کے فوری بعد فرار ہوکر اپنی گاڑی میں جابیٹھیں تاہم پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے مکے برسا کر گاڑی کی اسکرین توڑ دی۔ترجمان پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا سے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اور ایپکا کے افراد احتجاج کرنے آئے تھے، خواتین کے سوالات پر علیمہ خان کی جانب سے جواب نہ دینے پر انڈا پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان پر انڈا پھینکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ہے جو بانی پی ٹی آئی کی فیملی پر حملہ کر کے حالات بگاڑنا چاہتا ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بات فزیکل حملے تک پہنچ چکی ہے ۔ بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ کو فول پروف سکیورٹی دینی چاہیے ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ایسے واقعات کو فی الفور روکا جائے۔
