وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کی وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔علی امین گنڈاپور کا کہنا ہےکہ سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل رہےگی۔ علی امین گنڈا پور نے مختصر پیغام جاری کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ نئے وزیراعلیٰ کی حمایت اور سپورٹ کروں گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر وزارت اعلیٰ سے مستعفیٰ ہو رہاہوں ۔پی ٹی آئی کے فوکل پرسن رائے سلمان نے بتایا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران پارٹی رہنماؤں کو علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات دیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی بدترین صورتحال ہے صوبے میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر عمران خان غمگین ہیں اور خاص طور پر آج ضلع اورکزئی میں ہونے والے واقعے میں جوانوں کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب میرے پاس کوئی چارہ نہیں کہ میں تبدیلی کروں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کو ختم کرنےکا ایک ہی طریقہ ہے بیٹھ کر مذاکرات کریں توقع ہےکہ سہیل آفریدی وفاقی حکومت کی رہنمائی کریں گے اور سمجھائیں گے، ہم نے اپنے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنی ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ بانی پی ٹی آئی کی امانت تھی۔ اور ان کے حکم کے مطابق عہدہ واپس کر رہا ہوں۔
