190 ملین پاونڈ کیس کا فیصلہ ایک بار پھر موخرکردیا گیا۔ کیس کا فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔جج کے بقول بشری بی بی کو آج فیصلہ کے سنائے جانے کا علم تھا لیکن وہ عدالت پیش نہیں ہوئی جج ناصر جاوید رانا کا کہنا تھا کہ میں صبح ساڑھے 8 بجے سے عدالت میں موجود ہوں عمران خان کو دو بار پیغام بھیجا لیکن وہ نہیں آئے اور نا ہی بشریٰ بی بی یا ان کے وکلا کی طرف سے کوئی پیش ہوا۔انہوں نے کہا کہ آج فیصلہ بالکل تیار اور دستخط شدہ میرے پاس ہے ٹرائل کے دوران بھی ملزمان کو متعدد مواقع دیے گئے۔جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میرے عملے نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے وکلا کو بتا دیا تھا تاہم وہ بھی نہیں آئے۔ فیصلہ سنانے کے لیے ملزمان کو ایک اور موقع دے رہا ہوں اب کیس کا فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ٹرائل ایک سال کے عرصے میں مکمل ہوا نیب ریفرنس کا ٹرائل گزشتہ سال 18 دسمبر کو مکمل ہوا تھا کیس کا فیصلہ ابتدائی طور پر 23 دسمبر کو سنایا جانا تھا۔بعد ازاں، عدالت نے چھٹیوں اور کورس کے باعث سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیس کا فیصلہ 6 جنوری کو سنایا جائے گا۔تاہم، 6 جنوری کو بھی فیصلہ نہیں سنایا جاسکا اور یہ ایک بار پھر موخر کردیا گیا، گزشتہ سماعت پرجج ناصر جاوید رانا کی رخصت کے باعث فیصلہ نہیں سنایا گیا تھا۔