پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنما جنید اکبر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق علیمہ خان نے پی اے سی کی چیئرمین شپ سے متعلق بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام پارٹی قیادت کو پہنچا دیا ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جنید اکبر کو پارٹی عہدوں پر مکمل توجہ دینے کی ہدایت کی ہے جب کہ ان کی جگہ عمر ایوب کو پی اے سی کا نیا چیئرمین نامزد کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان نے عمران خان کا تحریری حکم پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کو پہنچایا۔اس سلسلے میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے فی الحال اس معاملے پر کوئی مؤقف نہیں دینا چاہتا۔اس حوالے سے جنید اکبر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جب کہیں گے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ چھوڑ دوں گا۔
