پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے چوتھی مرتبہ پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔پیر کے روز لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم 9 مئی مقدمات کی تفتیش کے سلسلے میں عدالتی حکم پر ٹیسٹ کرانے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی تھی لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پیش نہ ہونے کے باعث فوٹوگرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ بھی نہ کر سکی۔لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم عدالتی حکم پر ٹیسٹ کرنے کے لیے دوپہر پونے ایک بجے اڈیالہ جیل پہنچی تھی تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم اور انسپکٹر محمد ارحم شامل ہیں جبکہ پنجاب فارنزک یونٹ کے عابد ایوب بھی تفتیشی ٹیم کا حصہ تھے۔لاہور پولیس کی 12 رکنی ٹیم 4 گھنٹے انتظار کے بعد ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل میں واپس روانہ ہو گئی تفتیشی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کےخلاف لاہور میں درج 9 مئی کے 11 مقدمات کے حوالے سے تفتیش کرنا تھی۔
