عمران خان کی ریلی پر فائرنگ کیس کے ملزم کو 2 بار عمرقید کی سزا

گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیرآباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ریلی پر فائرنگ اور حملےکےکیس کے ملزم نوید کو 2 بار عمر قید کی سزا سنادی۔مرکزی ملزم نوید کو پی ٹی آئی کارکن معظم کے قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت الگ الگ عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔عدالت نے مقدمےکے دیگر ملزمان طیب بٹ اور وقاص کو بری کر دیا۔عدالت نے فائرنگ سے جاں بحق معظم کو قتل کرنے کے جرم میں ملزم نوید کو ایک مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی اور دہشت گردی کا جرم ثابت ہونے پر ایک اور مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ملزم کو چار افراد کو زخمی کرنے کے جرم میں تین سے پانچ سال تک قیدکی سزا سنائی گئی اور اس پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائدکیا گیا۔واضح رہے کہ فائرنگ کے اس واقعے کے دوران کنٹینر پر موجود بانی پی ٹی آئی عمران خان زخمی ہوگئے تھے فائرنگ کے بعد لانگ مارچ میں بھگدڑ مچنے سے متعدد افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔واقعے میں 13 افراد زخمی ہوئے تھے جن میں فیصل جاوید سمیت تحریک انصاف کے پانچ دیگر رہنما بھی شامل تھے۔دوران سماعت عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 8 مرتبہ عدالت میں طلب کیا۔ عمران کان کو متعدد بار اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر بھی پیش ہونے کا حکم دیا گیا لیکن وہ بطور گواہ بیان ریکارڈ نہیں کروایا۔عدالت نے مقدمہ کے زخمی گواہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی عدم پیروی پر حق صفائی ختم کردیا۔

Accused in Imran Khan rally shooting case gets two life sentences

اپنا تبصرہ لکھیں