پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے منگل کو ایک پیغام شیئر کیا گیا، جس میں عوام سے ملک گیر احتجاجی تحریک کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔سابق وزیراعظم کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جلد شروع ہونے والی ملک گیر احتجاجی تحریک کے لیے تیار رہیں انہوں نے مزید لکھا کہ وہ جو چاہیں کر لیں میں نہ تو ان کے ظلم کے آگے جھکوں گا اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی معاہدہ کروں گا۔یہ پیغام اس وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل عمران خان کی بہن علیمہ خان نے ان کی رہائی کے لیے کچھ دینے اور لینے کا فارمولا تجویز کیا تھا۔پوسٹ میں اڈیالہ جیل میں عمران خان کے علاج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا کہ انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔پوسٹ میں لکھا گیا کہ جیل کے ضوابط کے تحت میں اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ہفتے میں ایک بار 30 منٹ کی ملاقات کا حقدار ہوں لیکن اس کی بھی کئی دنوں سے اجازت نہیں دی گئی بشریٰ بی بی کو گزشتہ 13 ماہ سے صرف مجھے اذیت دینے کے لیے قید میں رکھا گیا ہے حالانکہ ان پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا ۔ان کا کہنا تھا کہ آپ سب کو تیار رہنا چاہیے جلد ہی ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
