فلسطینی اور اسرائیلی ڈائریکٹرز کے اشتراک سے بننے والی فلم نو ادھر لینڈ نے آسکرز ایوارڈز میں بہترین ڈاکومینٹری فیچر ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ 97 ویں آسکر ایوارڈز میں فلسطین کے مغربی کنارے کے ایک گاؤں کی تباہی پر بننے والی فلم کو بہترین ڈاکومینٹری فیچر کا ایوارڈ مل گیا .فلم نو ادھر لینڈ فلسطینی ڈائریکٹرز باسل عدرا، حمدان بلال، راحیل شور اور اسرائیلی صحافی یووال ابراہم کی مشترکہ ہدایت کاری میں بنی ان کی پہلی فلم ہے جو دراصل فلسطینی ہدایت کار باسل عدرا کو پیش آنے والی مشکلات اور ان کی جدوجہد کی کہانی ہے جس سے وہ فلسطین کے مغربی کنارے میں گزرے ہیں۔ باسل عدرا نے اسرائیلی فورسز اور آباد کاروں کے ہاتھوں اپنے آبائی علاقے مسافر یطا میں گھروں کی تباہی اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو دستاویزی شکل میں محفوظ کیا ہے جس میں اسرائیلی صحافی یووال ابراہم نے بھی ان کا ساتھ دیا ہے۔ اس موقع پر اسرائیلی صحافی اور فلم میں باسل کا ساتھ دینے والے یووال ابراہم نے کہا کہ ہم اسرائیلی اور فلسطینیوں نے یہ فلم مل کر بنائی کیونکہ اس طرح ہماری آواز مضبوط ہوتی ہے۔ یووال ابراہم نے غزہ پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کو بند کرنے اور غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ جبکہ ایوارڈ جیتنے کے بعد باسل کا کہنا تھا کہ یہ فلم اس تلخ حقیقت کی عکاسی کرتی ہے جسے وہ کئی دہائیوں سے برداشت کرر ہے ہیں .