سرکاری اسکول کی طالبہ و شطرنج کی انڈر 18 چیمپئن مہک مقبول نے وزیراعلیٰ سندھ کو 15 چالوں میں شکست دے دی۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انڈر 18 قومی جونیئر شطرنج چیمپئن مہک مقبول کو مقابلے کی دعوت دی تھی۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق، یہ دلچسپ شطرنج مقابلہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں شام 3 بجے ہوا .مہک مقبول گلوکار شہزاد رائے کے زندگی ٹرسٹ کے ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول کی طالبہ ہیں اور انہوں نے انڈر 18 ٹائٹل جیت کر قومی جونیئر چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔مقابلے میں ایک جانب وزیراعلیٰ کا تجربہ تھا تو دوسری جانب مہک مقبول کی ابھرتی ہوئی صلاحیتیں جس نے شطرنج کی بساط پر ذہانت کی جنگ کو مزید سنسنی خیز بنا دیا۔ شہزاد رائے نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے مہک مقبول کو مقابلے کی دعوت دے کر بہت اچھا پیغام دیا، مراد علی شاہ شطرنج کے بہت اچھے کھلاڑی ہیں مگر مہگ نے چیک میٹ کردیا ہے۔وزیراعلی ہاؤس میں شطرنج کا میچ دیکھنے کے لیے وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ، وزیر کھیل محمد بخش مہر، سیکریٹری تعلیم ذاہد عباسی، سیکریٹری اسپورٹس علیم لاشاری، آغا خان فائونڈیشن کے سلطان الانہ، زندگی ٹرسٹ کے شہزاد رائے، سیکریٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ موجود تھے۔وزیراعلی سندھ نے انڈر-18 قومی چیس چیمپئن مہک مقبول کو مبارکباد دی اور کہا کہ مہک مقبول سرکاری اسکول کی بہتر تعلیم کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔