یوٹیوبر اور ڈیجیٹل کریئیٹر رجب بٹ جو حالیہ دنوں میں مذہبی تنازعے کے باعث شدید تنقید کی زد میں آکر ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے، بالآخر ڈیڑھ ماہ بعد وطن واپس لوٹ آئے۔رجب بٹ نے اچانک واپسی پر اپنے گھر والوں کو سرپرائز دیا۔یو ٹیوب پر پوسٹ ویڈیو میں جب رجب اپنے گھر داخل ہوئے تو ان کے والد ٹی وی دیکھ رہے تھے۔ بیٹے کو دیکھ کر وہ خوشی سے جھوم اٹھے مگر رجب نے انہیں روک دیا تاکہ وہ پہلے اپنی والدہ اور اہلیہ کو حیران کر سکیں۔ان کی والدہ باورچی خانے میں مصروف تھیں جب رجب نے انہیں پیچھے سے آ کر گلے لگایا۔ بیٹے کو سامنے دیکھ کر وہ شدت جذبات سے آبدیدہ ہو گئیں۔ ان کی اہلیہ ایمان بھی شوہر کی اچانک واپسی پر نہایت پرجوش اور جذباتی دکھائی دیں۔ رجب بٹ کے دوست بھی اس خاص موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔مداحوں کی جانب سے رجب بٹ کی واپسی پر بھرپور خوشی کا اظہار کیا گیا۔
