پاکستان کے معروف شیف ذاکر حسین 58 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔شیف ذاکر حسین اُن ابتدائی شیفز میں شامل تھے جنہوں نے ٹیلی ویژن پر کھانا پکانے کو ایک فن کے طور پر متعارف کروایا اور نہ صرف روایتی کھانوں کو جدید انداز میں پیش کیا بلکہ بین الاقوامی ذائقوں کو بھی پاکستانی گھروں کا حصہ بنایا۔مرحوم ذاکر حسین کے بھتیجے شایان قریشی کا کہنا تھا کہ شیف ذاکر گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے اور ڈائلیسز پر تھے۔شیف ذاکر امریکا میں زیر علاج تھے تاہم ڈاکٹرز کے جواب کے بعد وہ ایک ماہ قبل وطن واپس آگئے تھے۔ذاکر 16 فروری 1967 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد عبدالعزیز برٹش ایئرویز اور قومی ایئر لائن میں بطور شیف خدمات انجام دے چکے تھے جنہیں دیکھ کر ذاکر کے دل میں اس پیشے کا شوق پروان چڑھا۔ اہل خانہ کے مطابق عید سے قبل وہ اپنی اہلیہ اور شادی شدہ بیٹی کے ہمراہ پاکستان پہنچے ان کی خوش اخلاقی کی مثال یہ ہے کہ اتنی شدید علالت کے باوجود انہوں نے اپنے عزیز و اقارب کو جمع کر کے ایک دعوت کا اہتمام کیا۔شیف ذاکر کا تعلق ایک ایسے خاندان سے تھا جہاں کھانا پکانا محض پیشہ نہیں بلکہ روایت تھی، البتہ وہ خاندان کے وہ واحد فرد تھے جنہوں نے بیرونِ ملک جا کر اس فن میں تعلیم حاصل کی۔ان کے پسماندگان میں اہلیہ، تین بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں 