وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر ملائشین وزیراعظم کا پر استقبال کیا گیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور ملائشین وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم کی ون آن ون ملاقات ہوئی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم تین روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں، وزیراعظم نے معزز مہمان سے وفاقی کابینہ کا تعارف کرایا جبکہ ملائیشین وزیراعظم نے محمد شہباز شریف سے اپنے وفد کا تعارف کرایا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا۔ بعدازاں دونوں رہنماؤں کے مابین دو طرفہ ملاقات کے ساتھ ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس کے ساتھ ساتھ پاکستان ملائیشیا دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔
دونوں وزراء اعظم کی ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا، ملاقات میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے پرگفتگوکی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کو 2025 کے لیے آسیان کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد پیش کی، دونوں رہنماؤں نے باہمی فائدہ مند شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔