ممبئی میں شدید بارشوں کے بعد اربن فلڈنگ آنے سے جہاں روڈ تالاب میں تبدیل ہوگئے وہاں شوبز شخصیات کے گھر بھی سیلابی پانی میں ڈوب گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں 19 اگست سے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا اور مسلسل دو دن تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہی جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں جب کہ شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔شہر بھر کے زیادہ تر علاقوں میں بجلی سمیت دیگر مواصلات کی فراہمی بند ہوگئی جب کہ دفاتر سمیت تعلیمی اداروں کی بھی چھٹیاں کردی گئیں۔ممبئی میں تیز بارش کے بعد آنے والے شہری سیلاب میں جہاں کچے علاقے اور بستیاں ڈوب گئیں وہیں شہر کے سب سے مہنگے اور پرتعیش ترین علاقوں میں موجود اربوں روپے کے بنگلے بھی ڈوب گئے۔ممبئی میں بارش کے بعد سیلاب آنے سے سپر اسٹار امیتابھ بچن، دھرمیندر، اجے دیوگن، رانی مکھرجی اور دیگر شوبز شخصیات کے بنگلوں میں بھی پانی داخل ہوگیا اور ان کے مبینہ بنگلوں میں تین فٹ تک پانی کے موجود ہونے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔