حماس کے ساتھ یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق معاہدے پر دستخط کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو اس تاریخی پیش رفت پر مبارکباد دی۔نیتن یاہو نے امریکی صدر کی قیادت اور ان کی شراکت داری اور اسرائیل کے دفاع کے لیے ان کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے یرغمالیوں کی آزادی کے لیے صدر ٹرمپ کے غیر متزلزل عزم کے شکر گزار ہیں۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران نیتن یاہو نے اس معاہدے کو اسرائیل کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی اور قومی و اخلاقی فتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی کارروائی اور صدر ٹرمپ کی قیادت میں کی جانے والی بھرپور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ہم ایک اہم موڑ پر پہنچے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق نیتن یاہو نے امریکی صدر کو اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب کی باضابطہ دعوت بھی دی۔
