وفاقی دارالحکومت میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم محمد عثمان کو نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کرلیا۔نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن محمد عثمان کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ 14 اکتوبر کی شام سات سے آٹھ بجے کے درمیان زارا ہائٹس کی پارکنگ بیسمنٹ میں پیش آیا جہاں چار مسلح افراد نے افسر کی گاڑی روکی اور انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ایف آئی آر میں مغوی کی اہلیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے شوہر محمد عثمان کو نامعلوم افراد زبردستی لے گئے ہیں اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔ انہوں نے اپیل کی کہ میرے خاوند کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے۔ذرائع کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں سفید کرولا گاڑی اور اغواء کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مغوی کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔