بھارتی نژاد امریکی مسلمان 33 سالہ زہران ممدانی پرائمری الیکشن میں سابق گورنر نیویارک اینڈریو کومو کو شکست دے کر ڈیموکریٹس کی جانب سے میئر نیویارک کے امیدوار بن گئے۔نیویارک میئر کے لیے ڈیمویرکریٹک پرائمری میں ابتدائی نتائج کے مطابق اسمبلی رکن زہران ممدانی کو سابق گورنر نیویارک اینڈریو کومو پر غیرمعمولی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ڈیموکریٹک پرائمری میں ووٹنگ کاعمل رات 9 بجے ختم ہوگیا۔ تاہم نتائج کا اعلان چند روز میں متوقع ہے۔ زہران ممدانی نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ نیلسن منڈیلا کا قول ہے کہ جب تک کوئی کام ہو نہیں جاتا وہ ناممکن نظر آتا ہے میرے دوستو یہ ہوچکا ہے اور آپ ہی ہیں جنہوں نے یہ ممکن کردکھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں نیویارک سٹی کے میئر کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کا نامزد امیدوار ہوں۔نیویارک سٹی بورڈ آف الیکشنز کے مطابق منگل کو شام ساڑھے 7 بجے تک نیویارک کے 9 لاکھ 30 ہزار سے زائد شہریوں نے ووٹ ڈالا۔ تاہم امریکی ٹی وی کے مطابق رات 9بجے تک تقریباً 11 لاکھ شہریوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ یہ تعداد سن 2021 کے مئیر الیکشنز کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ممدانی نے سٹی بس اور چائلڈ کیئر کومفت کرنے کا وعدہ کیا ہوا ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کی مہم چلاتے رہے ہیں۔
