نیویارک میں مسلح شخص کی فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 5 افراد ہلاک

نیویارک میں پیر کی شام ایک مسلح شخص نے دفتر کی عمارت میں اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جان سے گئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔ حملہ آور نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔فائرنگ کا واقعہ نیویارک شہر میں مڈٹاؤن مین ہٹن علاقے میں پیش آیا۔ جہاں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے پولیس افسر دیدار الاسلام سمیت 5 افراد کو ہلاک کر دیا۔ نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے رات گئے قریبی ہسپتال میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ مین ہیٹن کے مشہور علاقے پارک ایونیو پر واقع 345 پارک ایونیو کی عمارت میں پیش آیا جہاں کئی معروف اداروں کے دفاتر قائم ہیں اس واقعہ میں ایک پولیس افسر اور دوسرے شہری کو کمر میں گولیاں لگیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ ایک شخص لمبی بندوق لے کر عمارت میں داخل ہوا تھا۔ یہ 634 فٹ بلند عمارت پارک ایونیو پر واقع ہے اور اس میں نیشنل فٹ بال لیگ اور بلیک اسٹون کے کارپوریٹ دفاتر بھی ہیں۔اس عمارت کی سکیورٹی غیرمعمولی طور پر زیادہ ہوتی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسے ایک کالی بی ایم ڈبلیو کار سے ایم فور رائفل کے ساتھ اترتے اور عمارت کے اندر داخل ہو کر لابی میں موجود پولیس افسر پر گولیاں برساتے دیکھا گیا۔ اس کے بعد اس نے پوری لابی میں فائرنگ کی اور 33ویں منزل پر جا کر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ حملہ آور کی گاڑی سے ایک ریوالور، گولیاں، میگزین اور اس کے نام کی دوائیاں بھی برآمد ہوئیں۔حکام نے حملہ آور کی شناخت شین تامورا کے نام سے کی اور بتایا کہ وہ تنہا حملہ آور تھا۔ وہ رائفل لے کر عمارت کی لابی میں داخل ہوا جہاں پولیس اہلکار سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بعد میں مسلح شخص 33 ویں فلور پر بھاگ گیا۔ واضح رہے کہ امریکا میں اس سال یہ فائرنگ سے اجتماعی اموات کا 254 واں واقع ہے۔

Five people, including a police officer, were killed in a shooting in New York City by a gunman

اپنا تبصرہ لکھیں