اسریٰ حسین کے شوہر حماد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ گھر پر کھانا تیار تھا اور میں نے اسریٰ کو لینے کے بعد گھر پر ڈنر کرنا تھا .حماد کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اس کو واپسی پر ایئر پورٹ سے لیتے تھے.حماد رضا کے مطابق امریکی ایئر لائنز کی پرواز واشنگٹن کے رونلڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب پہنچ چکی تھی اور توقع تھی کہ کچھ ہی دیر میں لینڈ کر جائے گی۔ایسے میں 26 سالہ اسریٰ حسین نے ایئرپورٹ پر انتظار کرتے اپنے شوہر حماد رضا کو فون سے پیغام بھی بھیجا کہ 20 منٹ میں پہنچ جائیں گے۔ایک کاروباری دورے کے لیے وچیٹا جانے والی اسریٰ واپسی کے اس سفر کے دوران فون پر مسلسل اپنے شوہر حماد رضا سے رابطے میں تھیں۔حماد رضا کے مطابق وہ ایئر پورٹ پر انتظار کر رہے تھے جب اچانک ایمرجنسی سروس کے لوگ ان کے پاس سے تیزی سے گزرے اور ساتھ ہی ان کا فون پر اپنی اہلیہ سے رابطہ بھی ختم ہو گیا۔حادثے کے فوری بعد حماد رضا نے اس امید کا اظہار بھی کیا تھا کہ اسریٰ حسین کو پوٹومیک دریا سے زندہ نکال لیا جائے گا۔ تاہم ریسکیو حکام کے مطابق رات کے اندھیرے، دریا میں رسائی کی مشکلات سمیت برف کی وجہ سے یہ کام مشکل تھا۔دوسری جانب حکام نے بتایا ہے کہ طیارے کے مسافروں کے اہلخانہ کو مطلع کرنے کا عمل جاری ہے اور اگر اہلخانہ حادثے کے مقام پر جانا چاہیں تو اس کا انتظام کیا جا سکتا ہے لیکن یہ اس وقت ممکن ہو گا جب جائے حادثہ کو محفوظ بنا لیا جائے گا اور تمام شواہد اکھٹا کر لیے جائیں گے۔