ٹرمپ کا نیتن یاہو کے کرپشن کیس ختم کرنے کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف کرپشن کے مقدمے کو انصاف کا مذاق، تماشہ اور سیاسی انتقام قرار دے دیا. ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے اسرائیل کو بچایا اب امریکا ہی نیتن یاہو کو بچائے گا۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی کرپشن کے سنگین الزامات میں پیر کو پیشی ہوگی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ حاضر اسرائیلی وزیر اعظم کا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ یہ سن کر حیران ہو گیا ہوں کہ اسرائیلی وزیراعظم پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر ایک طویل پیغام میں لکھاکہ ’مجھے یہ جان کر شدید حیرت ہوئی کہ اسرائیل، جس نے حالیہ دنوں میں اپنی تاریخ کے عظیم ترین لمحات میں سے ایک کا مشاہدہ کیا اور نیتن یاہو عرف بی بی جیسے مضبوط رہنما کی قیادت حاصل ہے وہ اپنے جنگی وقت کے عظیم وزیر اعظم کے خلاف یہ مضحکہ خیز سیاسی انتقام جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کے ٹرائل کا عمل فوری منسوخ کیا جائے اورانہیں معافی دی جائے۔نیتن یاہو پر متعدد غیرمنصفانہ الزامات لگائے گئے ہیں تاکہ انہیں نقصان پہنچایا جائے ایک ایسے شخص کے خلاف کارروائی جنہوں نے اتنا کچھ کیامیرے لیے ناقابل تصور ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ انصاف کی اس بگڑی ہوئی صورت کی اجازت نہیں دی جاسکتی. یہ امریکا ہی تھا جس نے اسرائیل کو بچایا اب نیتن یاہو کو بچانے جا رہا ہے۔واضح رہے کہ نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ مئی 2020 میں شروع ہوا تھا مگر جنگِ غزہ اور بعد ازاں لبنان کے ساتھ کشیدگی کے باعث اس میں متعدد بار تاخیر ہوئی۔مقدمے کے ایک حصے میں نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ارب پتی افراد سے سیاسی فوائد کے بدلے سگار، جیولری اور شیمپین کی شکل میں 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کے تحائف وصول کیے۔دو دیگر مقدمات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے 2 اسرائیلی میڈیا ہاؤسز سے بہتر کوریج کے لیے سودے بازی کی کوشش کی. نیتن یاہو نے تمام الزامات کو مسترد کرچکے ہیں۔

Trump demands Netanyahu’s corruption case be dropped

اپنا تبصرہ لکھیں