امریکی ریاست ٹیکساس میں طوفانی بارشیں اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 28 بچوں سمیت 82 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 41 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔امریکی صدر نے سیلاب سے متاثرہ ریاست ٹیکساس کی کیر کاؤنٹی کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔سیلاب سے سب سے زیادہ تباہی کیمپ مسٹک نامی ایک تقریباً سو سال پرانے عیسائی لڑکیوں کے سمر کیمپ میں ہوئی جہاں اب بھی 10 لڑکیاں اور ایک کونسلر لاپتہ ہیں۔لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز ، کشتیاں اور ڈرونز کا استعمال کیا جارہا ہے جبکہ پانی میں پھنسے لوگوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا بتانا ہے کہ ٹیکساس کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے سبب مکانات، گاڑیاں کئی فٹ پانی میں ڈوب گئیں درخت گرنے سے راستے بند ہوگئے جب کہ بارشں کے سبب پانی میں پھنسے لوگوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا جا رہا ہے ۔یہ سیلاب اس وقت آیا جب دریائے گواڈالوپ طوفانی بارشوں کے بعد بپھر گیا، یہ بارشیں جمعہ کو امریکی یومِ آزادی کے موقع پر وسطی ٹیکساس میں ہوئیں۔ریسکیو اداروں کی جانب سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے متاثرہ علاقوں سے 850 افراد کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔
