سکیورٹی ذرائع کے مطابق واہگہ اٹاری پوسٹ پر پاکستان اور بھارت کے ایک ایک قیدی کا تبادلہ ہوا۔سیکورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ انڈین بارڈر سکیورٹی فورس کے پرنم کمار شاہ کو بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا جس کے جواب میں پنجاب رینجرز کے محمداللہ کو پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔دو روز قبل پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطہ ہوا جس میں جنگ بندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔بی ایس ایف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ پاکستان رینجرز نے پورنم کمار کو بحفاظت واپس انڈیا کے حوالے کیا ہے۔تجزیہ نگاروں کے مطابق یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں کمی کی ایک چھوٹی مگر اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ بی ایس ایف کے اہلکار پورنم کمار کو 23 اپریل 2025 کو گنڈا سنگھ والا فیروز پور سیکٹر میں پاکستانی حدود میں غیر ارادی طور پر داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
