حکومت نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں باضابطہ طور پر کرپٹو کونسل قائم کر دی جو مؤثر پالیسی سازی، جدیدیت کے فروغ اور محفوظ مالیاتی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔ وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔جبکہ وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر پاکستان کرپٹو کونسل بلال بن ثاقب کو کونسل کا سی ای او مقرر کیا گیا ہے پاکستان کرپٹو کونسل کے ابتدائی بورڈ ممبران میں گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان وفاقی سیکرٹری قانون، اور وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شامل ہیں۔بورڈ مالی استحکام، قانونی فریم ورک، اور تکنیکی ترقی کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان میں کرپٹو ایکو سسٹم کو فروغ دینے کیلئے ضروری اقدامات کرے گا۔کونسل سے متعلق کہا گیا کہ کونسل کرپٹو اپنانے کے لیے واضح ضابطہ جاتی ہدایات مرتب کرنے کی سفارشات پیش کرے گی کونسل عالمی کرپٹو اور بلاک چین تنظیموں سے روابط قائم کر کے بہترین عالمی روایات اپنانے میں تجاویز دے گی اسی طرح کونسل صارفین کے تحفظ اور مالیاتی سلامتی کے لیے مضبوط قانونی اور تعمیلی فریم ورک تیار کرے گی۔