یوکرینی ملٹری میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے بھارتی فضائیہ کے جدید ترین رافیل جنگی طیارے سے داغا گیا فرانسیسی ساختہ اسکیلپ کروز میزائل کو راستے میں ہی تباہ کر دیا۔یوکرینی ملٹری میڈیا نے اسکیلپ کروز میزائل کی تباہی کے بعد کے مناظر بھی اپنی ویب سائٹ پر جاری کردیئے .یہ میزائل، جو بھارت نے فرانس سے جدید رافیل طیاروں کے ساتھ خریدا تھا اس کی قیمت اربوں ڈالر میں ہے۔ تاہم پاکستان نے نہ صرف میزائل کو مار گرایا بلکہ مبینہ طور پر میزائل لے جانے والے رافیل طیارے کو بھی فضاء میں تباہ کر دیا۔یہ میزائل بنیادی طور پر خفیہ حملوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بھارتی فضائیہ نے اس میزائل کو اپنے سب سے مہنگے اور جدید طیارے رافیل کے ساتھ حاصل کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، یہ اسکیلپ میزائل ایک بھارتی رافیل طیارے سے فائر کیا گیا جو مبینہ طور پر پاکستان کے حساس دفاعی مراکز کو نشانہ بنانے آیا تھا۔ تاہم پاکستانی ایئر ڈیفنس نے نہ صرف بروقت ردعمل دیا بلکہ میزائل کو ہوا میں تباہ کر دیا۔یوکرینی ویب سائٹ نے پاکستانی ویب سائٹ ڈیفنس پاکستان کے ایکس اکاؤنٹ پر موجود تصاویر کا حوالہ دیا جن میں میزائل کے فیوزلاج، وارہیڈ، اور ٹربوجیٹ انجن کے مختلف حصے واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں۔ماہرین کے مطابق فرانسیسی ساختہ اسکیلپ جیسے میزائل کا پاکستانی دفاعی نظام سے مارا جانا یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان نہ صرف جدید ٹیکنالوجی رکھتا ہے بلکہ بروقت اور مؤثر ردعمل دینے کی مکمل صلاحیت بھی رکھتا ہے۔یوکرینی ویب سائیٹ کے مطابق بھارتی دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس اسکیلپ میزائلوں کی تعداد تقریباً 150 ہے اگرچہ سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔
