وزارتِ خارجہ پاکستان نے افغانستان کے سفارت خانے کو ایک باضابطہ مراسلے میں مطلع کیا ہے کہ پاکستان نے 25 اپریل 2025 سے قبل ملک میں داخل ہونے والے افغان ٹرکوں کو انڈیا کے لیے واہگہ بارڈر عبور کرنے کی اجازت دے دی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ اجازت ان افغان ٹرکوں کو دی جا رہی ہے جو انڈیا کے لیے سامانِ تجارت لے کر پاکستان میں داخل ہوئے تھے مگر مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس پر پھنس گئے تھے۔پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ دونوں ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔افغان سفارت خانے کی جانب سے 28 اپریل 2025 کو دی گئی درخواست کے جواب میں پاکستانی وزارتِ خارجہ نے افغان سفارت خانے کو اس بات کی ہدایت بھی کی ہے کہ اگر مزید کوئی افغان ٹرک پھنسے ہوئے ہوں تو ان کی تفصیلات بھی جلد فراہم کی جائیں تاکہ کارروائی کی جا سکے۔
